جہانیاں: پیرا فورس بھرتیوں میں مبینہ میرٹ پامالی، خفیہ انٹرویوز پر سوالات

جہانیاں(سٹی رپورٹر)پیرا فورس میں حالیہ بھرتیوں کے عمل پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چار اسامیوں کے لیے نہ تو باقاعدہ اشتہار جاری کیا گیا اور نہ ہی عوام کو پیشگی آگاہی دی گئی۔انتظامیہ کے مطابق اشتہار جاری ہوا، مگر ابھی تک کوئی واضح شواہد یا اخبار میں شائع ہونے کی معلومات سامنے نہیں آئیں۔اطلاعات کے مطابق بھرتی کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں، انچارج پیرا فورس جہانیاں اور پراسیکیوٹر شامل تھے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے قواعد و ضوابط کو نظرانداز کرتے ہوئے خود ساختہ امیدواروں کے انٹرویوز کیے اور پہلے سے طے شدہ ناموں کو کامیاب قرار دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پورا عمل انتہائی رازداری سے مکمل کیا گیا تاکہ دیگر اہل امیدواروں کو درخواست دینے کا موقع نہ مل سکے۔واضح رہے کہ سرکاری ملازمتوں کے لیے آئین و قانون کے تحت اخبارات میں اشتہار جاری کرنا اور میرٹ کی بنیاد پر شفاف عمل اپنانا لازمی ہے تاکہ تمام شہریوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ تاہم، اس معاملے میں مبینہ طور پر تمام قواعد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے نہ صرف شفافیت کو نظر انداز کیا گیا بلکہ عام شہریوں کے بنیادی حق پر بھی ڈاکہ ڈالا گیا۔شہری و سماجی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ بھرتیوں کا مکمل ریکارڈ، انٹرویوز کی کارروائی اور امیدواروں کی تفصیلات منظرعام پر لائی جائیں اور اگر بے ضابطگیاں ثابت ہوں تو ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس قسم کے اقدامات کا بروقت احتساب نہ کیا گیا تو اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مجروح ہوگا اور میرٹ کا تصور محض نعرہ بن کر رہ جائے گا۔ متعلقہ اعلیٰ حکام سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرا کے حقائق عوام کے سامنے لائیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں