ملتان ( وقائع نگار) ایم پی اے اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب اسمبلی سید علی حیدر گیلانی نے لاہور میں ایرانی قونصل خانے کے دورے کے دوران ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سید علی حیدر گیلانی نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی عوام اور قیادت سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات پوری مسلم اُمہ کے لیے تشویش کا باعث ہیں اور امتِ مسلمہ کو اس نازک وقت میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پا ک ایران برادرانہ روابط اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔ سید علی حیدر گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں اور دونوں ممالک کو باہمی احترام اور سفارتی روابط کے ذریعے مسائل کے حل کی جانب بڑھنا چاہیے۔ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فار نے اس موقع پر اظہارِ تعزیت اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔سید علی حیدر گیلانی نے ا یرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت اور انکی شخصیت کے متعلق ایرانی قونصل جنرل لاہور میں موجود کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کئے۔







