ملتان ( سٹاف رپورٹر) روزنامہ قوم میں شائع ہونے والی خبر’’بلدیہ جہانیاں میں ٹھیکے بانٹنے کا نیا فارمولا، اکاؤنٹنٹ کو دیے گئے اختیارات‘‘ پر اعلیٰ حکام نے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے خبر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی جہانیاں میڈم شازمہ جاوید کا تبادلہ جلالپور پیر والا کر دیا جبکہ منظورِ نظر اکاؤنٹنٹ محمد اقبال اور سینئر کلرک محمد شفیق کو معطل کر دیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں فہد نور کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے دو دن میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق انکوائری ایجنسیوں نے ابتدائی تفتیش میں متعدد بے ضابطگیوں اور فنڈز کے غلط استعمال کے شواہد حاصل کر لیے ہیں۔دوسری جانب جلالپور پیر والا میں تعینات چیف آفیسر علی احمد صابر کو میونسپل کمیٹی جہانیاں کا نیا چیف آفیسر مقرر کر دیا گیا ہے۔ اعلیٰ حکام نے واضح کیا ہے کہ بدعنوانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث کسی اہلکار کو رعایت نہیں دی جائے گی۔میونسپل کمیٹی جہانیاں میں ہنگامہ آرائی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے اس معاملے نے مقامی سطح پر ہلچل مچا دی ہے جبکہ عوامی حلقوں نے روزنامہ قوم کی خبر کو “عوامی مفاد کا سنگ میل” قرار دیا ہے۔







