خطے میں بڑھتی ہوئی سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر دنیا کی بڑی ایئرلائنز نے مشرق وسطیٰ کے لیے اپنے فضائی آپریشنز معطل یا محدود کر دیے ہیں اور بعض پروازیں متبادل راستوں پر منتقل کی گئی ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق ایئرلائنز نے یہ اقدام مسافروں اور عملے کی حفاظت کے لیے اٹھایا ہے۔ قطر ایئر ویز نے دوحہ آنے اور جانے والی تمام پروازیں عارضی طور پر روک دی ہیں، جبکہ ایران کے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کے بعد فضائی حدود بھی بند کر دی گئی ہیں۔ ایئر لائن نے کہا کہ جیسے ہی فضائی حدود محفوظ ہوں گی، پروازیں دوبارہ شروع کی جائیں گی۔
ایمریٹس نے بھی دبئی آنے اور جانے والی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں، اور مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روانگی سے قبل تازہ ترین صورتحال چیک کریں۔ کمپنی نے متاثرہ مسافروں کے لیے ری بکنگ، رقم کی واپسی یا متبادل سفری انتظامات کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ورجن اٹلانٹک نے لندن سے دبئی جانے والی پرواز منسوخ کر دی ہے جبکہ دیگر پروازیں جیسے کہ انڈیا، مالدیپ اور سعودی عرب کے لیے متبادل راستوں کی وجہ سے طویل وقت لے سکتی ہیں۔ برٹش ایئر ویز نے تل ابیب اور بحرین کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کی ہیں اور عمان جانے والی پروازیں بھی معطل کی گئی ہیں۔
وزز ایئر نے اسرائیل، دبئی، ابوظہبی اور عمان کے لیے تمام پروازیں فوری طور پر معطل کر دی ہیں جبکہ سعودی عرب کے لیے یہ پروازیں منگل تک منسوخ رہیں گی۔ ایئر انڈیا، لفتھانسا اور ترکش ایئرلائنز نے بھی مشرق وسطیٰ کے لیے متعدد پروازیں معطل یا محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی آئی اے نے بھی خلیجی ممالک کے لیے اپنا فضائی آپریشن عارضی طور پر روک دیا ہے، اور شیڈول کی تمام پروازیں ابتدائی طور پر اتوار کی شام یا فضائی حدود کی بحالی تک معطل رہیں گی۔ سعودی عرب کے لیے پروازیں جاری رہیں گی مگر حفاظتی وجوہات کی بنا پر روٹ تبدیل کر دیا گیا ہے۔






