مظفر گڑھ (کرائم رپورٹر) تلیری بائی پاس بابا ریسٹورینٹ مظفر گڑھ پر صحافتی برادری کی جانب سے باوقار اور پُرتپاک استقبال کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف ایڈیٹر روزنامہ قوم میاں غفار احمد کی آمد پر معزز صحافیوں نے ان کا شاندار خیر مقدم کیا۔اس موقع پر بیوروچیف مظفرگڑھ، سینئر صحافی سمعیہ فیض سیال، سٹی رپورٹر رانا اشفاق احمد، تحصیل رپورٹر ملک سجاد حسین ملانہ و کرائم رپورٹر مہر وسیم عباس کھرل اور مختلف میڈیا ہاوسز سے تعلق رکھنے والے دیگر صحافی حضرات بھی موجود تھے جنہوں نے پھولوں کے ہار پہنا کر اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے میاں غفار احمد کو خوش آمدید کہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں غفار احمد کا کہنا تھا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور قلم ایک امانت ہے، اسے کبھی بیچا نہیں جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سچ اور حق پر ڈٹ جانا ہی اصل صحافت ہے۔ قلم وہ طاقت ہے جو بڑے سے بڑے ظلم کو کیفرِ کردار تک پہنچا سکتی ہے، بشرطیکہ صحافی ایمانداری، جرات اور غیر جانبداری سے کام لے۔”انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں صحافت کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، مگر حقیقی صحافی وہی ہے جو دباؤ، لالچ اور دھمکیوں کے باوجود سچ کا ساتھ نہ چھوڑے۔ معاشرے میں انصاف، شفافیت اور قانون کی بالادستی کے لیے میڈیا کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔اس موقع پر سمعیہ فیض سیال نے کہا کہ میاں غفار احمد جیسے بااصول صحافی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی رہنمائی میں صحافتی اقدار کو فروغ ملے گا اور نوجوان صحافیوں کو حوصلہ ملے گا کہ وہ حق و سچ کی آواز بلند کریں۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، صحافیوں کے اتحاد اور مظلوموں کو انصاف کی فراہمی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحافت کو ذاتی مفادات کے بجائے عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا جائے گا اور ہر قسم کے ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی جاتی رہے گی۔







