ہاکی قیادت میں تبدیلی، محی الدین وانی پی ایچ ایف کے ایڈہاک صدر

ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی کے ایوانوں میں بڑی ہلچل مچ گئی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے طارق حسین بگٹی کا بطور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن استعفیٰ منظور کر لیا ہے، جس کے بعد قومی ہاکی کی اعلیٰ قیادت میں اہم تبدیلی سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے فوری طور پر عبوری انتظام سنبھالنے کے لیے محی الدین احمد وانی، سیکرٹری Inter-Provincial Coordination Division (IPCکو پی ایچ ایف کا ایڈہاک صدر مقرر کر دیا ہے۔ اس تقرری کا مقصد انتظامی تسلسل برقرار رکھنا اور ادارے میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کو کنٹرول کرنا بتایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت جاری کی ہے کہ اختیارات کی منتقلی کا عمل شفاف اور ہموار انداز میں مکمل کیا جائے اور جلد از جلد منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے تاکہ فیڈریشن کو مستقل قیادت میسر آ سکے۔ کھیلوں کے حلقوں میں اس فیصلے کو پاکستان ہاکی کے لیے ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی عبوری قیادت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نہ صرف انتظامی ڈھانچے کو مستحکم کرے بلکہ قومی کھیل کی بحالی کے لیے ٹھوس اور دیرپا حکمت عملی بھی ترتیب دے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں پاکستان ہاکی کو انتظامی اور کارکردگی کے حوالے سے متعدد چیلنجز کا سامنا رہا ہے، اور یہ تبدیلی آئندہ دنوں میں کھیل کے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں