پنجاب حکومت کا 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو رمضان کارڈ دینے کا اعلان

لاہور ( بیورورپورٹ) پنجاب حکومت نے 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو رمضان کارڈ دینے کا اعلان کر دیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ مبارک مہینے میں ہر خاندان کو 10، 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے، سہولت بازاروں میں بھی عوام کو ریلیف ملے گا۔نگہبان رمضان پروگرام کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک رحمت اور رحم کا مہینہ ہے، دنیا بھر میں رمضان المبارک عقیدت واحترام سے منایا جاتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کوئی کریانہ سٹوروالا اضافی پیسے مانگے تو فوراً شکایت درج کروائیں، پنجاب پولیس آپ کی شکایت پر فوراً ایکشن میں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ مسیحی بہن، بھائیوں کے روزے بھی ہمارے ساتھ شروع ہو رہے ہیں، مسیحی کمیونٹی کو بھی 10 ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا، اس حوالے سے پیرا فورس کو ہدایات جاری کر دی ہیں، پیرا فورس کے اہلکار پورے پنجاب میں موجود ہوں گے، پنجاب کی 147 تحصیلوں میں 300 دسترخوان مخیر حضرات خود لگائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مخیرحضرات رمضان المبارک میں پنجاب حکومت کا حصہ بنیں، غریبوں، مساکین کی رمضان میں بڑھ چڑھ کر خدمت کریں۔انہوں نے کہا کہ عام دکانوں پر 10 کلوآٹے کا تھیلا 905 روپے کا ہے، سہولت بازاروں کے علاوہ 1500 سیل پوائنٹس بنائے گئے ہیں، حکومت کے سیل پوائنٹس پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 850 روپے میں دستیاب ہوگا، ہم نے چینی اور گھی کی قیمتوں کو بھی کم کرنے کی کوشش کی ہے، مستحق خاندانوں کیلئے ’’مریم کو بتائیں‘‘ ہیلپ لائن شروع کی ہے، ہیلپ لائن پر شناختی کارڈ نمبر بتائیں 24 گھنٹے میں 10ہزار ٹرانسفر کر دیا جائے گا۔مریم نواز نے کہا کہ آپ ہیلپ لائن نمبر 1000 پر کال کریں اور درخواست درج کرائیں، جو رمضان نگہبان کارڈ میں رجسٹرڈ نہیں، وہ ہیلپ لائن 1000 پر کال کر سکتے ہیں، یہ سروس یکم رمضان سے آپریشنل ہوگی، رمضان المبارک میں مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں