رمضان سے قبل پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

حکومت نے رمضان المبارک کی آمد سے پہلے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈال دیا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ قیمتوں میں یہ ردوبدل اوگرا کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آئندہ 15 روز کے لیے ہوگا۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 258 روپے 17 پیسے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 253 روپے 17 پیسے تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 7 روپے 32 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 275 روپے 70 پیسے ہوگئی ہے، جو پہلے 268 روپے 38 پیسے تھی۔
حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں