ٹریفک پولیس نے 1 سال کا چالان کا ہدف صرف ڈھائی ماہ میں مکمل کرلیا

لاہور: پنجاب میں موٹر وہیکل آرڈنینس میں ترامیم کے بعد ٹریفک حکام نے ڈھائی ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت اقدامات کرتے ہوئے مجموعی طور پر 12 ارب 55 کروڑ روپے ریوینیو جمع کیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں ٹریفک پولیس نے 34 لاکھ 95 ہزار ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے۔ شہریوں سے جرمانوں کے ذریعے 6 ارب 27 کروڑ روپے وصول کیے گئے جبکہ لائسنس کی رینیول اور نئے لائسنس کے اجرا سے بھی تقریباً 6 ارب 27 کروڑ روپے سے زائد کا ریوینیو حاصل ہوا۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی 7 لاکھ 7 ہزار گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کی گئیں، جن میں 2 ہزار 7 پولیس کی گاڑیاں اور 575 پولیس اہلکاروں کی گاڑیاں بھی شامل ہیں جو تھانوں میں بند کی گئیں۔
دیگر سرکاری محکموں کی گاڑیوں کی خلاف ورزیوں پر 11 سو 25 چالان کئے گئے اور 783 گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں۔ کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی میں بھی 87 فیصد کامیابی حاصل کی گئی۔
ٹریفک پولیس نے ڈھائی ماہ کی مکمل رپورٹ وزیراعلی پنجاب کو پیش کی، جس میں قوانین کی خلاف ورزیوں پر اٹھائے گئے اقدامات اور حاصل شدہ ریوینیو کی تفصیل شامل ہے۔ اس رپورٹ میں ٹریفک نظم و ضبط قائم رکھنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیل بھی بیان کی گئی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں