اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کیے گئے رینڈ آف کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد اپنی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کرا دی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز سلمان صفدر کو بطور فرینڈ آف کورٹ مقرر کرتے ہوئے انہیں عمران خان سے ملاقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی سے تقریباً تین گھنٹے تفصیلی ملاقات کی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان صفدر نے اپنے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرا چکے ہیں۔ ان کے مطابق انہیں دوپہر 12 بجے تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی جس پر انہوں نے بروقت عمل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ سات صفحات اور 22 پیراگراف پر مشتمل ہے۔ سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو سراہتے ہیں کہ علمیہ خان صاحبہ نے معاملے کو بہتر انداز میں سمجھا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے عمران خان کی صحت کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔






