ملتان (قوم ریسرچ سیل) بہاولپور ضلع کے مختلف تھانوں میں ٹاؤٹوں، رضاکاروں کی اجارہ داری کے بعد احمد پور شرقیہ سرکل کا تھانہ نوشہرہ جدید میں جرائم پیشہ عناصر کا راج کھل کر سامنے آگیا ہے،
گرفتاریوں سے رہائی تک کےامور تھانیداروں کے قریبی اور اکثر اوقات ان کے ساتھ دیکھے جانے والے کریمنلز افراد سرانجام دینے لگے۔درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اسماعیل جوئیہ اور ممتاز گھلو مبینہ طور پر سیاہ و سفید کے مالک بن گئے۔ ڈی پی او بہاولپور جرائم پیشہ افراد کے موبائل نمبرز کا ڈیٹا لیکر جانچ پڑتال کریں تو ان جرائم پیشہ عناصر سے عوام کی جان چھوٹ سکتی ہے اہل علاقہ۔ تفصیلات کے مطابق احمد پور شرقیہ سرکل کے دیگر تھانوں کی طرح تھانہ نوشہرہ جدید میں بھی مبینہ طور پر ٹاؤٹوں اور جرائم پیشہ عناصر نے اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں، جہاں جرائم پیشہ اور متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اسماعیل جوئیہ اور ممتاز گھلو نے بعض تفتیشی افسران سے قریبی تعلقات بنا کر تھانے کے اندر گرفتاری، رہائی، چالان اور مقدمات کے اندراج تک کے فیصلوں میں اثر و رسوخ حاصل کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او یا تو ان حالات سے بے خبر ہیں، یا پھر بعض بااثر تھانے دار اور جرائم پیشہ عناصر اتنے طاقتور ہو چکے ہیں کہ ایس ایچ او کی عملداری ہی نہیں چلنے دی جا رہی۔ اطلاعات ہیں کہ مذکورہ افراد نے تھانے میں مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور خود کو عملی طور پر پولیس معاون کے طور پر منوا رکھا ہے۔اہلِ علاقہ کے مطابق یہ دونوں افراد اکثر رات کے وقت گشت پر مامور تفتیشی افسران کے ساتھ ڈالوں میں مختلف علاقوں میں نکلتے ہیں، چھاپے مارتے ہیں، افراد کو گرفتار کرواتے ہیں، جبکہ صبح ہوتے ہی مک مکا کے ذریعے معاملات طے کیے جاتے ہیں۔ جو شخص مطلوبہ رقم ادا کر دے، اسے باعزت بری کروا دیا جاتا ہے، جبکہ انکار کرنے والوں کو متعدد مقدمات میں چالان کروا کر یا دیگر ہتھکنڈوں سےخوار کیا جاتا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان جرائم پیشہ افراد کی مبینہ پولیس سرپرستی کے باعث سی سی ڈی جیسے ادارے بھی ہاتھ ڈالنے سے کتراتے ہیں، جس کے نتیجے میں پورا علاقہ خوف و ہراس کی لپیٹ میں آ چکا ہے اور شریف شہریوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔اہلِ علاقہ نے ڈی پی او بہاولپور جو آئی ٹی امور میں مہارت رکھتے ہیں سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ان افراد کے موبائل نمبرز کا ڈیٹا حاصل کر کے اور تھانہ کی فوٹیج کی مدد سے تفتیش کی جائے تو تفتیشی افسران سے مسلسل رابطوں اور تھانے میں موجودگی کے ناقابلِ تردید شواہد سامنے آ سکتے ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری غیر جانبدار انکوائری، متعلقہ تفتیشی افسران کی جانچ پڑتال اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ قانون کی عملداری بحال ہو اور عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔تاہم اس سلسلے میں ترجمان بہاولپور پولیس نے بتایا کہ میں نے متعلقہ تھانے سے تسلی کی ہے یہ جرائم پیشہ افراد ہیں انکا تھانہ نوشہرہ جدید میں آنا جانا نہیں تمام تر الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں ۔






