ملتان (کرائم سیل) ملتان میں چوری کی بہت بڑی واردات، عزیزوں کے ہاں دعوت کھانے گئے ہوئے گھرانے کا اڑھائی کروڑ سے زائد مالیت کے طلائی زیور، سامان اور ساڑھے چار لاکھ نقدی چوری۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کی بستی دریبہ کے رہائشی جہانگیر الٰہی کے گھر میں چوری کی بڑی واردات ہوگئی۔ جہانگیر الٰہی راجپوت بیوی بچوں کے ہمراہ 2فروری کی رات کو بخاری کالونی میں ایک عزیز کے ہاں دعوت پر گئے ہوئے تھے رات ساڑھے دس بجے جانے سے پہلے اہل خانہ نے اچھی طرح تمام الماریوں، کمروں اور مین گیٹ کو تا لے لگائے۔ رات تقریباً ڈیڑھ بجے جہانگیر الٰہی کی اہل خانہ کے ہمراہ دعوت سے واپسی ہوئی۔ مین گیٹ کا دروازہ کھول کر جب گھر کے اندر داخل ہونے تو کمروں اور الماریوں کے تا لے ٹوٹے ہوئے تھے اور کمروں میں سامان بکھرا پڑا تھا۔ سامان کا جائزہ لینے پر پتہ چلا کہ اڑھائی کروڑ سے زائد مالیت کے 45تولہ طلائی زیورات ، 20 تولہ چاندی، ایک لیپ ٹاپ اور ساڑھے چار لاکھ نقدی چور لے گئے۔ 15پر کال کرکے پولیس کو واردات کی اطلاع دی گئی۔ تھانہ ملتان صدر پولیس اور فرانزک ٹیم نے جائے واردات پر پہنچ کر جائزہ لیا ۔ ابھی تک نہ مقدمہ درج کیا گیا ہے اور نہ واردات کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ تھانہ صدر ملتان پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ایس ایچ او نے مدعی سے کہا ہے کہ بڑی واردات ہے اس کی ایف آئی آر متعلقہ ایس پی کے بغیر نہیں کاٹی جا سکتی مدعی نے اعلیٰ حکام سے مقدمہ درج کرنے کی اور چوری کی برآمدگی کرواکر انصاف دلانے کی درخواست کی ہے۔







