ملتان (نیوز رپورٹر) تاجران ،گلشن مارکیٹ نیو ملتان میں پیرا فورس کے غیر قانونی آپریشن کے خلاف انجمن تاجران گلشن مارکیٹ کے زیر اہتمام شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاج کی قیادت انجمن کے صدر چودھری محمد الیاس، جنرل سیکرٹری چودھری سلیم کمبوہ اور چیئرمین چودھری کاشف نے کی جبکہ مارکیٹ کے تاجروں کی بڑی تعداد نے مظاہرے میں شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر چودھری محمد الیاس، جنرل سیکرٹری چودھری سلیم کمبوہ، چیئرمین چودھری کاشف، چیئرمین مصالحتی کمیٹی حافظ عاقب نعیم اور جوائنٹ سیکرٹری شہزادہ فہد بھٹی نے الزام عائد کیا کہ پیرا فورس کے اہلکار تجاوزات کے نام پر دکانوں کے اندر داخل ہوئے اور قیمتی جیکٹس، جیولری، دوپٹے، ہیٹر، لیڈیز شوز، بریف کیس اور دیگر سامان اپنے ہمراہ لے گئے، مقررین کا کہنا تھا کہ تاجروں نے اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سٹی ملتان سے سامان واپسی کی باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کے بعد جب پیرا فورس کے دفتر سے رجوع کیا تو وہاں اہلکار مارکیٹ سے اٹھائی گئی جیکٹس خود پہنے ہوئے تھے، جبکہ دیگر سامان غائب پایا گیا، جو بارہا رجوع کرنے کے باوجود تاحال واپس نہیں کیا گیا، انہوں نے کہا کہ آواز بلند کرنے پر پیرا فورس کے اہلکاروں کی جانب سے تاجروں کو مزید ناجائز طور پر تنگ کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے کاروبار کرنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے، مقررین نے دعویٰ کیا کہ پیرا فورس کے مبینہ ناجائز آپریشن کی ویڈیوز اور دیگر ٹھوس شواہد موجود ہیں، جو جلد ہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی رِٹ پٹیشن کے ذریعے پیش کئے جائیں گے۔تاجروں نے خبردار کیا کہ اگر فوری انصاف فراہم نہ کیا گیا تو پیرا فورس کے خلاف قانونی جنگ کے ساتھ ساتھ احتجاج، شٹر ڈاؤن ہڑتال اور دیگر سخت اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ احتجاج کا دائرہ دیگر مارکیٹوں تک بھی پھیلایا جائے گا،احتجاجی تاجروں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا کہ پرامن تاجروں کو ناجائز طور پر ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، تاجروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے اور پیرا فورس اہلکاروں کے ذریعے اٹھایا گیا سامان فوری طور پر واپس دلوایا جائے، بصورت دیگر تاجر برادری ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہو گی، جس کی تمام تر ذمہ داری پیرا فورس کے اہلکاروں پر عائد ہو گی۔احتجاجی مظاہرے میں رانا عبدالغفار، زین بھٹی، عرفان، محمد ارشاد، حمید اللہ، محمد کاشف، سرور بھٹی، فضل بھٹی، ظہیر بھٹی، عارف نور، زاہد قریشی، زوہیب چوہان، ناصر اور دیگر تاجران نے شرکت کی۔







