اخبار کا دور کبھی ختم نہیں ہوگا، ترقی، تنزلی حصہ، پریشانی کی بات نہیں: ڈی جی پی آئی ڈی

لاہور (سٹاف رپورٹر)الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی برق رفتار ترقی کے باوجود اخبارات کی افادیت اور اہمیت آج بھی برقرار ہے اور یہ بات پورے اعتماد کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ اخبارات کا دور کبھی ختم نہیں ہوگا۔ وقت کے ساتھ ساتھ میڈیا کے ہر شعبے میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، کبھی ترقی کا مرحلہ ہوتا ہے اور کبھی تنزلی کا، تاہم اسے تشویش کی نگاہ سے دیکھنے کی ضرورت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور کے ڈائریکٹر جنرل شفقت عباس نے روزنامہ قوم ملتان کے ایڈیٹر کوآرڈی نیشن شفقت حسین شفقت سے ایک خوشگوار ملاقات کے دوران کیا۔ڈی جی پی آئی ڈی شفقت عباس نے کہا کہ اخبارات آج بھی رائے عامہ کی تشکیل، مستند معلومات کی فراہمی اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کی تیز رفتار دنیا کے باوجود پرنٹ میڈیا کی ساکھ، اعتبار اور سنجیدگی اپنی جگہ مسلمہ ہے، یہی وجہ ہے کہ آج بھی پالیسی ساز حلقے اور سنجیدہ قارئین اخبارات کو اہمیت دیتے ہیں۔شفقت عباس کا کہنا تھا کہ اپنے سال اور ڈیڑھ سالہ دورِ تعیناتی کے دوران اہلِ صحافت کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے رہے ہیں اور وہ آئندہ بھی صحافی برادری کے مسائل کے حل اور ان کے ساتھ تعاون کے عمل کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان مثبت اور مضبوط روابط ہی جمہوری اقدار کے فروغ اور معاشرتی بہتری کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ملاقات کے دوران صحافت کو درپیش موجودہ چیلنجز، اخباری صنعت کے مسائل اور اطلاعات کی بروقت و درست فراہمی پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ایڈیٹر کوآرڈی نیشن روزنامہ قوم ملتان شفقت حسین شفقت نے ڈی جی پی آئی ڈی کے تعاون اور صحافی دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے روابط سے صحافت کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں