ملتان (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسامیوں کے لیے جاری کیے گئے اشتہار کے بعد ہونے والا بھرتیوں کا عمل سنگین سوالات کی زد میں آ گیا ہے۔ اشتہار کے بعد امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ تو کر لی گئی تاہم ٹیسٹنگ کے مرحلے پر ایک غیر معروف نجی ادارے کی خدمات حاصل کیے جانے پر شفافیت، قانون اور پیپرا رولز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے الزامات سامنے آ گئے ہیں۔ پیپرا رولز کے مطابق جب بھی کسی سرکاری ادارے میں بھرتیوں کے لیے کسی نجی ادارے کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں تو اس کے لیے باقاعدہ اخباری اشتہار کے ذریعے ٹینڈر جاری کرنا، ٹیکنیکل اور فنانشل ایویلیوشن کرنا لازم ہوتا ہے، جس کے بعد کم ترین ایویلیوشن رکھنے والے ادارے کو خدمات دینے کی اجازت دی جاتی ہے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں ان تمام قانونی تقاضوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک ایسے ادارے کو ٹیسٹنگ کی اجازت دی گئی جو نہ صرف غیر معروف ہے بلکہ اس کی سلیکشن کے لیے کسی قسم کا ٹینڈر یا ایویلیوشن بھی سامنے نہیں آیا۔ اندرونی ذرائع کے مطابق اس پورے عمل کے پیچھے یونیورسٹی کی نااہل انتظامیہ، ایک عارضی رجسٹرار اور ایک ایسا شخص شامل بتایا جا رہا ہے جسے چند ماہ قبل یونیورسٹی سے نکالا گیا تھا اور بعد ازاں ڈیپوٹیشن پر واپس بھیج دیا گیا۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اسی شخص نے یونیورسٹی کے اندرونی ذرائع سے امیدواروں کا ڈیٹا حاصل کر کے شارٹ لسٹ ہونے والے امیدواروں سے رابطے شروع کر دیے اور انہیں ٹیسٹ میں کامیاب کروانے کے بدلے بھاری رقوم کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسی مبینہ مکروہ سلسلے کو تقویت دینے کے لیے ایک غیر معروف نجی ادارے کو بغیر کسی پیپرا رول اور قانونی طریقہ کار کے ٹیسٹ لینے کی اجازت دی گئی تاکہ مبینہ طور پر پہلے سے طے شدہ امیدواروں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ آخر ایسا کیسے ہوا؟ کس کے حکم پر ہوا؟ اور کس قانون کے تحت ہوا؟ ان سوالات کے جوابات یونیورسٹی انتظامیہ ہی دے سکتی ہے۔ اس سلسلے میں مؤقف کے لیے جب یونیورسٹی کی پی آر او سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔ تاہم زمینی حقائق اور سامنے آنے والی معلومات نے یونیورسٹی میں جاری بھرتیوں کے عمل کو ایک بڑے سوالیہ نشان کے نیچے لا کھڑا کیا ہےاور اب دیکھنا یہ ہے کہ اعلیٰ حکام اور متعلقہ ادارے اس مبینہ قانون شکنی اور کرپشن پر کب اور کیا ایکشن لیتے ہیں۔






