حفاظتی انتظامات صفر،ڈینگی نے این ایف سی میں ’’داخلہ‘‘ لے لیا،طلبا،اساتذہ نشانے پر

یونیورسٹی ہی میں رہائش پذیر غیر قانونی طور پر خزانچی کے عہدے پر تعینات کلرک مغفور انور چغتائی فیملی سمیت،ہیڈ بزنس سٹڈیزڈاکٹر شہزادی ستار بھی متاثر

کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ کے رانا فاروق ، الیکٹریکل انجینئرنگ کے زاہد سلیم ، سکیورٹی سپروائزر بابا رب نواز کیمیکل انجینئرنگ کے طالب علم آصف شمیم بھی شکار

ایڈمن اٹینڈنٹ محمد نواز، کیمیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے محمد حبیب، باورچی سرفراز بھی متاثرین میں شامل،ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیرز ڈاکٹر ذیشان کو بھی شکایت

حکومتی ہدایات کے باوجود انتظامیہ کی لاپروائی اور وائرس بارےاحتیاطی تدابیر و اقدامات نہ ہونے کے باعث کلاسز میں طلباء و طالبات کی حاضری نہ ہونے کے برابر

ملتان ( سٹاف رپورٹر) صفائی کے مناسب اقدامات نہ ہونے، جمع شدہ صاف پانی نہ نکالے جانے اور ڈینگی عملہ کی عدم دلچسپی کی وجہ ملتان میں ڈینگی کی مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈینگی وائرس کے پھیلتے ہوئے اثرات نے این ایف سی یونیورسٹی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ این ایف سی یونیورسٹی میں انتظامیہ کی لاپرواہی اور گورنمنٹ کی ہدایات کے باوجود حفاظتی انتظامات کی عدم دستیابی کے باعث انتظامی سٹاف، اساتذہ اور متددد طلبہ ڈینگی وائرس کا شکار ہو گئے ۔ تفصیل کے مطابق این ایف سی یونیورسٹی ملتان کے کلرک مغفور انور چغتائی جو کہ گزشتہ 2 سال سے اضافی چارج پر غیر قانونی طور پر خزانچی کے عہدے پر تعینات ہیں اور یونیورسٹی ہی میں رہائش پذیر ہیں، اپنی فیملی سمیت ڈینگی کا شکار ہو گئے۔مزید این ایف سی یونیورسٹی کے بزنس سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈ ڈاکٹر شہزادی ستار بھی ڈینگی میں مبتلا ہیں جبکہ ڈینگی کا شکار ہونے والے دیگر ملازمین میں کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ کے رانا فاروق ، الیکٹریکل انجینیرنگ ڈیپارٹمنٹ کے سرور روم کے اسسٹنٹ زاہد سلیم سنڈھل ، پرائیویٹ سیکورٹی سپروائزر بابا رب نواز گرلز ہاسٹل کے سیکورٹی گارڈ ، فرسٹ سیمسٹر کیمیکل انجینئرنگ کے ایک طالب علم آصف شمیم بھی ڈینگی کا شکار ہو چکے ہیں۔ ایڈمن اٹینڈنٹ محمد نواز کیمیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے محمد حبیب اور گیسٹ ہاؤس کے باورچی سرفراز بھی ڈینگی کا شکار ہونے والے ملازمین میں شامل ہیں ۔مزید الیکٹریکل انجینیرنگ ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیرز ڈاکٹر ذیشان رضا بھی شدید کھانسی اور نزلے کا شکار ہیں جبکہ متعدد طلباء و طالبات ڈینگی میں مبتلا ہیں۔ حکومتی ہدایات کے باوجود احتیاطی تدابیر و اقدامات نہ ہونے کے باعث کلاسز میں طلباء و طالبات کی حاضری نہ ہونے کے برابر تھی۔ اس بارے ملازمین ، طلباء و طالبات این ایف سی یونیورسٹی یونیورسٹی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ سے مناسب اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں