کراچی: عالمی اور ملکی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل سات روز سے جاری اضافے کا سلسلہ جمعرات کو تھم گیا، جس کے بعد دونوں قیمتی دھاتوں کے نرخوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 35 ڈالر کم ہو کر 4 ہزار 380 ڈالر کی سطح پر آ گئی، جس کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑے۔
مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار 500 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 60 ہزار 436 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کا بھاؤ بھی 3 ہزار ایک روپے کم ہو کر 3 لاکھ 94 ہزار 749 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔ چاندی کی قیمت ایک ڈالر 75 سینٹس کم ہو کر 64 ڈالر 57 سینٹس فی اونس ہوگئی۔
عالمی سطح پر چاندی کی قیمت میں کمی کے نتیجے میں پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں بھی اس کے نرخ نیچے آ گئے۔ فی تولہ چاندی کی قیمت 175 روپے کم ہو کر 6 ہزار 936 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 150 روپے کی کمی کے بعد 5 ہزار 946 روپے ہوگئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں حالیہ کمی عالمی بلین مارکیٹ میں سونے اور چاندی کے نرخوں میں آنے والی کمی کا براہِ راست اثر ہے۔







