ملتا ن (ڈیجیٹل میڈیا) نگراں حکومت نے پنجاب بھر میں اسموگ ایمرجنسی نافذ کردی ہے ۔جبکہ اجلاس میں سکولوں میں چھٹی اور ٹرانسپورٹ بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انسداد اسموگ اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں سکولوں میں چھٹی اور ٹرانسپورٹ بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم ایک ماہ کے لئے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں طلبا و طالبات کیلئے ماسک لازمی قرار دے دیا گیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ گھروں کی تعمیر کے دوران مٹی، ریت اور ملبہ پر چھڑکاؤ نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے سموگ کے دوران کاشتکاروں کے خلاف کیے گئے چالان واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکار بھائی فصلوں کی باقیات نہ جلائیں بلکہ انہیں مناسب طریقے سے تلف کیا جائے۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔







