پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف وفاقی مقدمات کی تفصیلات پشاور ہائی کورٹ میں پیش کی گئیں۔ جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس محمد اعجاز خان نے سماعت کی۔ عدالت نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں مزید 3 ہفتوں کی توسیع کرتے ہوئے ہدایت دی کہ درج مقدمات میں انہیں گرفتار نہ کیا جائے اور فریقین سے رپورٹ طلب کرلی۔
دورانِ کارروائی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ کے خلاف وفاق کے 48 مقدمات اور ایف آئی اے کی 2 انکوائریاں زیر التوا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وزیراعلیٰ ہیں، اس لیے ان کی درخواست نمٹا دی جائے تاکہ بار بار عدالت نہ آنا پڑے۔ جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ کاش یہ بات خلوص نیت سے کی جاتی۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ اینٹی کرپشن کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔ عدالت نے وزیراعلیٰ کو ذاتی پیشی سے استثنا دیتے ہوئے کہا کہ ان کے وکیل پیش ہوں گے۔ بعد ازاں سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔







