نئی دہلی: پاکستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد بھارت نے اپنی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی قیادت میں تبدیلی کرتے ہوئے راوی سنہا کی مدت مکمل ہونے پر پراگ جین کو نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راوی سنہا کو توسیع نہ دینے کا فیصلہ حکومتی حکمت عملی کا حصہ ہے، جب کہ نئی قیادت کی تقرری سے مودی سرکار کی سیاسی پوزیشن کو مستحکم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پراگ جین کا پس منظر پاکستان سے متعلق انٹیلی جنس آپریشنز سے جڑا رہا ہے، اور ان کی تعیناتی کو بھارت کی بدلتی ہوئی خفیہ پالیسی کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے، جس میں عالمی اسٹریٹجی کی جگہ اب علاقائی سیکیورٹی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران ’’را‘‘ مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث حکومت کو شدید دباؤ کا سامنا تھا، اور اسی تناظر میں را کی قیادت کو تبدیل کیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق راوی سنہا کی تبدیلی صرف ایک معمول کی تبدیلی نہیں بلکہ حکومتی چہرہ بچاؤ کی ایک کوشش بھی ہے۔ پراگ جین کی تقرری بھارتی انٹیلی جنس نظام میں نئی ترجیحات کی عکاسی کرتی ہے، جو مستقبل قریب میں خطے میں بھارتی پالیسیوں کے انداز پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
