آج کی تاریخ

زرعی ترقی کے لیے بجٹ میں کھاد و زرعی ادویات پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ میں کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کھاد اور زرعی ادویات پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی شعبے میں ترقی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی بنیاد ہے، اور اس شعبے میں بہتری سے نہ صرف دیہی آبادی بلکہ کسان براہ راست مستفید ہوں گے۔ زرعی اصلاحات کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور لاگت میں کمی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
شہباز شریف نے زرعی مشینری پر ٹیکسز میں بتدریج کمی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فارم میکانائزیشن کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زرعی اجناس کی ذخیرہ گاہوں کی تعمیر اور اسٹوریج صلاحیت میں اضافہ بھی ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔
وزیراعظم نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ چین میں زرعی اسکالر شپ پر جانے والے طلبہ وطن واپسی پر زرعی معیشت کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو زرعی اصلاحات، پیداوار بڑھانے، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور کسانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ بتایا گیا کہ “نیشنل ایگریکلچر انوویشن اینڈ گروتھ ایکشن پلان” کے تحت کسانوں کی آمدن بڑھانے اور اصلاحات پر توجہ دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ (اگنائٹ) کے ذریعے اب تک 129 زرعی اسٹارٹ اپس کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیروں، زرعی ماہرین اور نجی شعبے کے انٹرپرینیورز نے شرکت کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں