ملتان (سپیشل رپورٹر)محرم الحرام کو پُرامن بنانے کا مشن لئے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا ملتان میں اہم اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ راؤ عبدالکریم، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ملتان میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ملتان عامر کریم خاں اور آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سہیل چوہدری نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن میں تمام 909 جلوس اور 3182 مجالس کے سکیورٹی انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ ملتان میں 83 علماء و ذاکرین کی ضلع بندی اور 62 کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملتان میں 170 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے جبکہ پولیس کی امداد کیلئے آرمی کی 4 اور رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہونگی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کو پُرامن بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو کہا کہ عاشورہ کے بعد بھی چین سے نہیں بیٹھنا بلکہ سکیورٹی صورتحال پر یہی فوکس رکھا جائے۔ صوبائی وزیر قانون و کمیونیکیشن ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ پنجاب بھر سے رپورٹس محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم میں دیکھ رہے ہیں۔ صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ تمام اضلاع میں جلوس کے راستوں پر سبیل لگائی جا رہی ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سائبر پٹرولنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع محرم ای پورٹل پر بروقت معلومات شئیر کریں۔ ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔ بعد ازاں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے ملتان میں ڈویژنل امن کمیٹی سے ملاقات کی اور مرکزی جلوس کے روٹ اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ ڈویژنل امن کمیٹی اور علمائے کرام کی قیادت مولانا حنیف جالندھری نے کی۔ علمائے کرام نے کابینہ کمیٹی کی خود فیلڈ میں آمد اور تمام سے ملاقات پر شکریہ ادا کیا۔ ڈویژنل امن کمیٹی ممبران کا کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کی کوشش ہے کہ محرم الحرام میں عزاداری ہو گی، دل آزاری نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر باہمی محبت و احترام کیساتھ محرم گزاریں گے اور کوئی دشمن ہمارے آپسی اتفاق کو ٹھیس نہیں پہنچا سکتا۔ کابینہ کمیٹی نے علماء کے ہمراہ مرکزی جلوس روٹ کا دورہ کیا اور روٹ پر قائم کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔ کابینہ کمیٹی نے جلوس کے روٹ پر حکومت پنجاب کی جانب سے لگائی جانے والی خصوصی سبیل کا بھی دورہ کیا۔ کابینہ کمیٹی نے جلوس کے روٹ اور امام بارگاہوں کے باہر تعینات پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور خواتین کے تحفظ کیلئے خصوصی طور پر لیڈی پولیس اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔ سید عاشق حسین کرمانی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فیلڈ میں مصروف عمل افسران و اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ انتظامیہ عوامی تحفظ کیلئے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائے۔ کابینہ کمیٹی ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ تمام انتظامیہ آپس میں بہترین کوآرڈینیشن برقرار رکھے اور وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق فیلڈ میں متحرک نظر آئیں۔
بہاول پور (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نیوزرپورٹر)محرم الحرام میں بہترین سکیورٹی انتظامات سے قیام امن کا مشن لیے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان بہاولپور پہنچی جہاں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ راؤ عبدالکریم، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر بہاولپور مسرت جبیں اور آر پی او رائے بابر نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بہاول پور ڈویژن میں تمام 1409 مجالس اور 514 جلوس کے انتظامات مکمل ہیں جبکہ 354 علماء و ذاکرین کی ضلع بندی اور 98 کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔ امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے بہاول پور میں 151 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔ عاشورہ پر پولیس کی امداد کیلئے آرمی کی 4 اور رینجرز کی 10 کمپنیاں بھی ڈیوٹی پر تعینات ہونگی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کو پُرامن بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ فرقہ وارانہ اشتعال کو روکنے کیلئے ڈیجیٹل سرویلنس کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔ تمام متعلقہ اضلاع سے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔ بعد ازاں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے بہاول پور میں ڈویژنل امن کمیٹی اور علمائے کرام سے ملاقات کی اور انکے ہمراہ مرکزی جلوس روٹ کا دورہ بھی کیا۔ ڈویژنل امن کمیٹی ممبران اور علمائے کرام نے بتایا کہ بہاولپور میں فضا مکمل طور پر پُرامن ہے۔ کابینہ کمیٹی نے مرکزی ”امام بارگاہ جامعہ حسینیہ“ میں قائم کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ بہاولپور کا مرکزی جلوس جامعہ حسینیہ سے شروع ہو کر احاطہ کربلا پر اختتام پزیر ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جاکر کابینہ کمیٹی ممبران نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اتحاد بین المسلمین ہی ہمارے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ جلوس کے شرکاء کیلئے سکیورٹی کیساتھ سبیل اور میڈیکل کئیر کا مکمل انتظام ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے تمام جلوس اور مجالس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ کابینہ کمیٹی نے روٹ پر تعینات پولیس، سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں سے بھی ملاقات کی۔ کمشنر بہاولپور مسرت جبیں، آر پی او رائے بابر، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بہاولپور بھی کابینہ کمیٹی کے ہمراہ تھے۔
جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا ایک اور اعزاز کابینہ کمیٹی کی آن لائن بریفنگ ومیزبانی
ملتان(سپیشل رپورٹر)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی آن لائن بریفنگ کے انتظامات اور میزبانی کا شرف جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے حاصل کیا۔یہ اہم اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی کے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، وزیر زراعت سید عاشق حسین، وزیر قانون شعیب بھرت،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کامران خان اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب جاوید احمد قاضی نے وزیر اعلیٰ کو محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ عبدالکریم، کمشنر ملتان عامر کریم خان، اور ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو بھی موجود تھے۔