آج کی تاریخ

پنجاب میں ناقص فیول کی فروخت پر سخت ایکشن، چیکنگ کا نیا نظام نافذ

پنجاب میں ناقص پٹرول اور ڈیزل کے خلاف سخت چیکنگ کا نیا نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔
ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کو ایندھن کے معیار کی جانچ کا مکمل اختیار دے دیا گیا ہے۔ اب غیر معیاری فیول کی فروخت پر پنجاب ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1997 کے تحت سخت سزائیں اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں فیول کوالٹی کنٹرول کا اتنا سخت نظام نافذ ہوا ہے۔ اب صرف اوگرا کے منظور شدہ معیار کے مطابق ایندھن فروخت کیا جا سکے گا، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل ای پی اے ڈاکٹر عمران حمید شیخ کو پورے صوبے میں فیول کے معیار کو یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس اقدام کو عوامی صحت کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیاری فیول کی فراہمی سے سانس کی مہلک بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی آلودگی، مختلف بیماریوں اور اسموگ کی بڑی وجہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں ہے، جسے اب مؤثر کنٹرول کیا جا سکے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں