آج کی تاریخ

سینیٹ میں ایران پر اسرائیلی حملے کیخلاف قرارداد منظور

پاکستانی سینیٹ نے ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ قرارداد نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایوان میں پیش کی، جسے ارکان نے مکمل حمایت کے ساتھ منظور کیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ یہ اقدام نہ صرف جنگی جرم کے زمرے میں آتا ہے بلکہ اس نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

قرارداد میں اسرائیل کے ہاتھوں غزہ میں بچوں کے قتل عام کی بھی شدید مذمت کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے اور عالمی قانون کے تحت کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے حالیہ فضائی حملوں میں ایران کے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ، پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف اور کئی جوہری سائنسدان شہید ہو چکے ہیں۔ ان حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں