آج کی تاریخ

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی پر سماعت ملتوی، نیب کو اسپیشل پراسکیوٹر مقرر کرنے کا حکم

ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ملتوی، نیب کو اسپیشل پراسکیوٹر مقرر کرنے کا حکم
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کے دوران نیب کو سات روز کے اندر اسپیشل پراسکیوٹر مقرر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔
عدالت عالیہ میں قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کیس کی سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ آج کی تاریخ بڑی مشکل سے ملی ہے، سزا معطلی کی درخواست پر فوری فیصلہ ضروری ہے۔
سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف پہلے توشہ خانہ ون، پھر توشہ خانہ ٹو، اور اب 190 ملین پاؤنڈ کیس بنایا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف 300 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
سماعت کے دوران نیب پراسکیوٹر رافع مقصود نے عدالت کو بتایا کہ انہیں کیس کا نوٹس گزشتہ رات موصول ہوا اور فی الحال وفاقی حکومت نے کوئی پراسکیوٹر جنرل تعینات نہیں کیا، اس لیے عدالت سے وقت درکار ہے۔
نیب نے پراسکیوشن ٹیم کے نوٹیفکیشن کے لیے عدالت سے چار ہفتوں کی مہلت مانگی، تاہم عدالت نے صرف سات دن کا وقت دیتے ہوئے حکم دیا کہ 11 جون تک اسپیشل پراسکیوٹر مقرر کیا جائے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے مہلت کی مخالفت کرتے ہوئے طنزیہ کہا کہ اگر چاہیں تو نیب کو چار سال دے دیں، مگر انصاف میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔
عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں