شہباز شریف کا کامیاب دورہ آذربائیجان مکمل، تاجکستان روانگی

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ کے لیے روانگی اختیار کر لی۔
لاچین بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وزیراعظم کو آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ ایلنور مامیدوف، پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور دیگر اعلیٰ حکام نے الوداع کہا۔
دورہ آذربائیجان کے دوران وزیراعظم نے صدر الہام علییوف کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی، پاکستان-ترکیہ-آذربائیجان سہ فریقی سمٹ میں شرکت کی اور یوم آزادی کی تقریب میں بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم اب دوشنبہ میں ہونے والی بین الاقوامی گلیشئر کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
تاجکستان روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 28 مئی کا دن پاکستان اور آذربائیجان دونوں کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اس روز پاکستان نے ایٹمی طاقت حاصل کی اور آذربائیجان نے اپنی آزادی کا جشن منایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات موجود ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان ہمارا برادر ملک ہے اور صدر الہام علییوف کی قیادت میں ملک میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں۔ ہم نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ صدر الہام علییوف نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور ہم اس سرمایہ کاری سے دوطرفہ فوائد حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم تجارت، دفاع، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں