یوٹیوب اور ٹک ٹاک سے کمائی کرنے والوں پر ٹیکس کا امکان

اسلام آباد (ریسرچ سیل) اگر آپ یوٹیوب وی لاگ یا ٹک ٹاک ڈانس کے ذریعے بڑی کمائی کر رہے ہیں، تو ہوشیار ہوجائیں! حکومت اب آپ کی آمدنی پر بھی نظر رکھنے والی ہے۔
مالی سال 2025-26 کا بجٹ 10 جون کو پیش کیا جائے گا، اور ذرائع کے مطابق اس بار بجٹ میں سوشل میڈیا سے آمدنی حاصل کرنے والوں کے لیے نیا ٹیکس تجویز کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (ICMAP) نے سفارش کی ہے کہ یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہونے والی آمدنی پر 3.5 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے۔ اس ٹیکس کا مقصد حکومت کے خزانے میں تقریباً 52.5 ارب روپے کا اضافہ کرنا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پہلے سوشل میڈیا کو صرف تفریح یا اظہارِ رائے کا پلیٹ فارم سمجھا جاتا تھا، مگر اب اسے ایک باقاعدہ ذریعہ آمدن تسلیم کر لیا گیا ہے اور حکومت اس آمدنی کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے تیار ہو رہی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق یہ تجویز حکومت کی سنجیدہ مشاورت میں ہے اور امکان ہے کہ آئندہ بجٹ میں اس پر باضابطہ اعلان کیا جائے۔ تو اگر آپ بھی کیمرے کے سامنے بیٹھ کر لاکھوں روپے کما رہے ہیں، تو ممکن ہے اب اس آمدنی کا حساب کتاب شروع ہو جائے!

شیئر کریں

:مزید خبریں