فیصل آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں میٹرو بس اور گرین الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کی طرز پر فیصل آباد میں بھی جدید ترقیاتی منصوبے متعارف کروائے جائیں گے۔
جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقدہ لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ فیز ٹو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اگلے سال فیصل آباد میں میٹرو بس سروس کا آغاز ہوگا، اور شہر میں ماحول دوست الیکٹرک بسیں بھی چلائی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد کے ساتھ ساتھ اس کے نواحی علاقوں اور دیہی علاقوں کو بھی ماڈل ولیج میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ یکساں ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مریم نواز نے اپنے خطاب میں قومی سلامتی اور یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دنیا کی عظیم ترین طاقت بنانا ہمارا خواب ہے۔ اگر عوام تقسیم نہ ہوتے اور قیادت متحد نہ ہوتی تو دشمن کے خلاف تاریخی کامیابی ممکن نہ ہوتی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمیں اس عظیم فتح پر غرور نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کا شکر اور عاجزی اختیار کرنی چاہیے۔ پاک افواج اور قوم نے مل کر دشمن کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف ایک جنگ نہیں جیتی بلکہ نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھی ہے۔ بچوں کو تقسیم اور نفرت پھیلانے والوں کے جھانسے میں نہیں آنا چاہیے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو مثبت راستے پر گامزن رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے، ہمارے لوگ اور ہماری فورسز ہماری اپنی ہیں، کسی قسم کی اندھی نفرت میں مبتلا نہ ہوں۔ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ان کی سوچ، ترقی اور تعلیم ہی ہماری اصل طاقت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جن وردیوں کا مذاق اڑایا گیا، آج وہی وردی پوش جوان سرحدوں پر ملک کی حفاظت کے لیے کھڑے ہیں۔ طلبہ کا جذبہ دیکھ کر دل مطمئن ہو جاتا ہے اور ان پر فخر محسوس ہوتا ہے۔
تقریب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ جنگ جیتنے جیسا خوشی کا کوئی لمحہ نہیں ہو سکتا۔ نوجوانوں سے اپیل کی کہ کسی کی اقتدار کی خواہش کا شکار نہ بنیں اور نفرت کی سیاست کو مسترد کریں، جیسا کہ پاکستانی نوجوانوں نے کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب مشکل وقت آتا ہے تو قوم کے بیٹے سینہ تان کر کھڑے ہو جاتے ہیں۔ ملک کے خلاف شکوک و شبہات پھیلانے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ دینا کوئی احسان نہیں بلکہ طلبہ کا حق ہے۔ وہ عوام کی امانت کی محافظ ہیں، اور ہر چیز بیٹے بیٹیوں کی ملکیت ہے۔ ان کے مطابق بچوں کے ہاتھ میں لاٹھی یا اسلحہ نہیں، لیپ ٹاپ بہتر لگتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ دینا چاہتی ہیں، کیونکہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں اور انہی سے مستقبل روشن ہو گا۔ انہوں نے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ، ان کے والدین اور اہل خانہ کو دل کی گہرائی سے مبارکباد دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن جہازوں کو جلایا گیا تھا، انہی جہازوں اور افراد نے جنگ میں حصہ لیا۔ بھارت یہ دعویٰ کرتا تھا کہ اس کا رافیل طیارہ ناقابلِ شکست ہے، لیکن ہم نے اسے جے ایف 17 تھنڈر سے مار گرایا۔
مریم نواز نے کہا کہ قوم کو یاد ہو گا کہ جے ایف تھنڈر کس نے بنایا تھا۔ نواز شریف نے کہا تھا ہم 9 مئی والے نہیں بلکہ 28 مئی والے ہیں، اور آج نوجوانوں کا جذبہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم 10 مئی اور 28 مئی والے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1998 میں جب ایٹمی دھماکوں کا وقت آیا تو سب نواز شریف کو روک رہے تھے، پابندیوں کا خوف دلا رہے تھے، لیکن انہوں نے کہا کہ میرے وطن کی حفاظت کا معاملہ ہے، اور ایٹمی دھماکے ضرور ہوں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ 28 مئی کو ہم نے مقابلہ 5 اور 6 سے جیتا تھا، اور 10 مئی کو ہم نے 6-0 سے فتح حاصل کی۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے نوجوان 10 مئی کے وارث ہیں اور سبز ہلالی پرچم کبھی گرنے نہیں دیں گے۔
اختتام پر انہوں نے پاک فضائیہ، فوج اور ان تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے جنگ میں حصہ لیا یا زخمیوں کی دیکھ بھال کی۔ فیصل آباد کے 12 ہزار طلبہ کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، اور ایئر چیف ظہیر بابر کو مبارکباد دی گئی۔







