ایجنسی این ایف نے ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ کی کارروائیوں میں 4 کروڑ 83 لاکھ روپے مالیت کی منشیات پکڑ لی ہے۔ ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے دوران 9 مختلف کارروائیوں میں 2 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر کے 76 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی۔
چکلالہ (راولپنڈی) کے کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 26 گرام ویڈ پکڑی گئی۔ اسی طرح اسلام آباد کے موٹروے پر 2 خواتین کے بیگ سے 2 کلو ہیروئن، 3.6 کلو چرس اور 1.6 کلو آئس ضبط کی گئی جبکہ کراچی کمپنی اسلام آباد میں ایک ملزم سے 1 کلو 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔
آبپارہ مارکیٹ اسلام آباد کے کوریئر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 100 گرام ہیروئن اور 560 گرام آئس برآمد ہوئی۔ برہان موٹروے انٹرچینج اٹک کے قریب ایک گاڑی سے 500 گرام آئس برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
ملتان کے کارگو آفس میں کراچی جانے والے پارسل سے 36 گرام کوکین پکڑی گئی۔ قصور کے بھیڈیاں کلاں میں 3 ملزمان سے 7 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ سمبڑیال سیالکوٹ میں ایک ملزم کے قبضے سے 250 گرام چرس اور 200 گرام آئس ملی۔ لسبیلہ کے درہ گوٹھ میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 43.2 کلوگرام چرس اور 15.8 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
