موٹر سائیکل سوار ہو جائیں تیار: پنجاب حکومت کا نیا اقدام، فٹنس سرٹیفکیٹ لازم قرار دینے کا فیصلہ

ماحولیاتی آلودگی، خاص طور پر سموگ پر قابو پانے کے لیے حکومت پنجاب نے نئی حکمت عملی اپنا لی ہے۔ اب موٹر گاڑیوں کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکلوں کے لیے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازمی قرار دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق، سموگ کی شدت کو کم کرنے کے لیے “پنجاب موٹر گاڑیاں ترمیمی ایکٹ 2025” کے تحت موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں، جو جلد ہی پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔ یہ بل اب متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو آئندہ دو ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
تجویز کردہ ترامیم کے مطابق، آرڈیننس کی دفعہ 38-A میں جہاں “گاڑی” کا ذکر ہے، وہاں “موٹر سائیکل” کو بھی شامل کیا جائے گا، جس کا مقصد فٹنس سرٹیفکیٹ کی شرط موٹر سائیکلوں پر بھی لاگو کرنا ہے۔ اس فٹنس سرٹیفکیٹ کی مدت ایک سال ہو گی۔
واضح رہے کہ اس وقت فٹنس سرٹیفکیٹ صرف گاڑیوں کے لیے لازم ہے، جب کہ پنجاب میں 85 فیصد شہری نقل و حمل کے لیے موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک میں نظم و ضبط بہتر ہو گا بلکہ فضائی آلودگی پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں