بھتہ خوری کے لیے بلیک میلنگ برداشت نہیں کرینگے، کمشنر نوٹس لیں، ایپکا میونسپل کارپوریشن

ملتان (جنرل رپورٹر)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ( ایپکا ) میونسپل کارپوریشن ملتان کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت صدر ایپکا مظہر نواز خان منعقد ہوا ۔اجلاس میں عہدیداران چیئرمین ملک ارشد پہلوان ،سرپرست اعلیٰ خالد گیلانی ،جنرل سیکرٹری سید ضیا ء بخاری ،سینئر نائب صدر محمد سجاد،واجد قریشی ،نذیز احمد سمیت صدرسی بی اے کریم نواز سمیت ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس میں اس امر پر شدید غم وغصہ کا اظہار کیا گیا کہ مقامی اخبار کے ایک رپورٹر کی جانب سے بھتہ خوری کی ڈیمانڈ پوری نہ کرنے پر ریگولیشن برانچ کے ملازمین کیخلاف بلیک میلنگ پر مبنی من گھڑت خبریں شائع کی جارہی ہیں جن کی پرزور مذمت کی جاتی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ مذکورہ رپورٹر نے صحافت جیسے عظیم شعبہ کو بدنام کرنے کیلئے اخلاقیات سے ہٹ کر ہمارے ملازمین کی ذاتی زندگی اور ان کی فیملیوں کو بھی ٹارگٹ کیا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میونسپل کارپوریشن کے تمام ملازمین اس حوالےسے کسی قسم کی بلیک میلنگ کو برداشت نہیں کریں گے اور قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے مذکورہ رپورٹر کے خلاف لیگل نوٹس بھجوا دیئے گئے ہیں جبکہ صحافت کے مروجہ قوانین کے تحت فوجداری کارروائی کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے ۔اجلاس میں مذکورہ ادارہ کے چیف ایڈیٹر ،ایڈیٹر ،جوائنٹ ایڈیٹر سمیت مقامی انتظامیہ سے استدعا کی گئی کہ صحافتی ادارہ کی بدنامی کا باعث بننے والے مذکورہ رپورٹر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ اجلاس میں کمشنر ملتان ڈویژن و چیف آفیسر سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ ملازمین کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے صحافتی ادارہ کی انتظامیہ سے بات کریں بصورت دیگر ملازمین قلم و کام چھوڑ ہڑتال کا حق محفوظ رکھتےہیں ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں