اس سال بھی کراچی اور اسلام آباد سے حج کے لیے جانے والے پاکستانی عازمین کو روڈ ٹو مکہ منصوبے کی سہولت حاصل ہوگی۔ وزارت مذہبی امور نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر حج آپریشن کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ رائل سعودی سفارت خانے کی جانب سے وزارت مذہبی امور کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اس سال بھی کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت عازمین کی امیگریشن کی جائے گی۔ اس سہولت کے تحت عازمین کو جدہ اور مدینہ ایئرپورٹ پر امیگریشن کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ یہ عمل اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر ہی مکمل کر لیا جائے گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سعودی امیگریشن کے عملے کے لیے جگہ مختص کرے اور تمام ضروری سہولیات فراہم کرے۔ اس منصوبے کے تحت عازمین حج کو امیگریشن کے مراحل میں آسانی فراہم کی جائے گی اور ان کا سفر مزید آرام دہ ہوگا۔







