اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں فنی مہارت فراہم کرنا ہے، جس سے نہ صرف آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق انہوں نے یہ بات ہواوے کے سی ای او ایتھن سن کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ہواوے کے ساتھ مضبوط اور طویل مدتی شراکت داری چاہتی ہے تاکہ پاکستانی نوجوانوں کو جدید آئی ٹی ٹریننگ فراہم کی جا سکے۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہواوے تین لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو تربیت فراہم کر رہا ہے، جن میں سے 2 لاکھ 40 ہزار کو بنیادی جبکہ 60 ہزار کو جدید تکنیکی تربیت دی جائے گی، جو رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گی۔
مزید برآں، ہواوے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے پاکستان کی 15 جامعات میں مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، بگ ڈیٹا اور سائبر سیکیورٹی کے کورسز متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتیں حاصل کرنے کا موقع ملے۔







