گوادر(قوم نیوز)گوادر یونیورسٹی کے اعلیٰ ترین عہدیداروں کے لاپتہ ہونے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد گزشتہ روز گوادر سے کوئٹہ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق دونوں سرکاری گاڑی میں سفر کر رہے تھے اور مستونگ کے قریب ان کا رابطہ منقطع ہو گیا، خاندانی ذرائع اور یونیورسٹی انتظامیہ نے بتایا کہ دونوں اعلیٰ افسران اہم سرکاری کام سے کوئٹہ جا رہے تھے۔ تاہم جب وہ مستونگ کے علاقے میں داخل ہوئے تو ان کا فون بند ہو گیا اور کوئی رابطہ قائم نہ ہو سکا۔علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر دونوں سرکاری گاڑی سمیت اغوا کا شکار ہوئے ہیں، ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ٹیم دونوں افسران کی فیملیز سے مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا ہماری پوری انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے اس معاملے پر متحرک ہیں، ہماری مکمل کوشش ہے کہ دونوں افسران کا جلد از جلد پتہ لگایا جائے اور انہیں محفوظ واپس لایا جائے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مستونگ اور آس پاس کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ اچانک لاپتہ ہونے سے یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔صوبائی حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔بلوچستان کے وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ معاملے کی شفاف تفتیش کی جائے اور ذمہ داران کو جلد گرفتار کیا جائے۔







