کم آمدنی والے طبقے کے لیے سستے گھروں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم آمدن والے طبقے کے لیے سستے گھروں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے سستے اور معیاری رہائشی منصوبے فراہم کیے جائیں، نجی شعبے کو فروغ دیا جائے اور عوامی سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور غیر منظم شہری توسیع زرعی زمینوں پر دباؤ بڑھا رہی ہے، جس کے لیے جامع حکمت عملی ضروری ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ سیکٹر سے متعلق تمام نظام کو ڈیجیٹل اور خودکار بنایا جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کو ریگولیٹری فریم ورک کے تحت لا کر غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
اجلاس میں ہاؤسنگ اصلاحات سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں جن میں بتایا گیا کہ معتبر ڈویلپرز اور سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے قواعد و ضوابط آسان کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ہاؤسنگ اور ڈویلپمنٹ سیکٹر میں کام کرنے والوں کے لیے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن لازمی کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی۔
بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ شہروں کے بے ترتیب پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماسٹر پلاننگ، بلند عمارتوں کی حوصلہ افزائی اور ورٹیکل ڈیولپمنٹ کو فروغ دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
مزید یہ کہ ون ونڈو سسٹم کے ذریعے خریداروں، ڈویلپرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے حقوق کے تحفظ کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
وزیراعظم نے ان تمام تجاویز پر صوبوں کے ساتھ مشاورت کی ہدایت کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں