ملتان (وقائع نگار)کسٹم فیصل آباد کی بڑی کارروائی، 6 کروڑ 70 لاکھ مالیت کی سمگل شدہ اشیاء برآمد فیصل آباد کسٹم نے ایک مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تین کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی دو نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور تین کروڑ روپے مالیت کا 10 ہزار 200 کلوگرام سمگل شدہ غیر ملکی کپڑا برآمد کر لیا۔سپرنٹنڈنٹ کسٹم فیصل آباد عمران شاہ کی زیر قیادت کسٹم ٹیم نے مختلف جگہوں پر چھاپے مارے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم نے دو لگژری گاڑیاں قبضے میں لیں جن میں ایک مرسڈیز کار شامل ہے جس کی مالیت تین کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے، جبکہ دوسری ٹویوٹا کار 70 لاکھ روپے مالیت کی ہے۔اسی دوران کسٹم اہلکاروں نے ہجویری ٹاؤن میں ایک گودام پر چھاپہ مارا جہاں سے 10 ہزار 200 کلوگرام غیر ملکی سمگل شدہ فیبرک برآمد ہوا۔ اس کپڑے کی مجموعی مالیت تین کروڑ روپے کے قریب بتائی گئی ہے۔کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ دونوں گاڑیاں اور سمگل شدہ کپڑا غیر قانونی طور پر شہر میں داخل کیا گیا تھا۔ ان اشیاء کی اصل ذرائع اور اسمگلنگ نیٹ ورک کا پتہ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔سپرنٹنڈنٹ کسٹم عمران شاہ نے کہا کہ کسٹم ٹیم اسمگلنگ کے خلاف بلا تعطل کارروائی جاری رکھے گی اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا جو قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔برآمد شدہ گاڑیوں اور کپڑے کی قانونی کارروائی کے تحت حراست میں رکھا گیا ہے اور متعلقہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔یہ کارروائی فیصل آباد میں کسٹم کی حالیہ کامیابیوں میں اہم قرار دی جا رہی ہے جو سمگلنگ کے خلاف حکومتی مہم کا حصہ ہے۔







