کارڈیالوجی ہسپتال ملتان کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی کے ٹائرغائب

ملتان (وقائع نگار ) جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے دل کے ہسپتال چوہدری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کے لواحقین کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ پارکنگ میں کھڑی گاڑی کے ٹائر چوری کر لیے گئے۔ ٹھیکیدار تعاون سے انکاری، ہسپتال انتظامیہ اور پولیس بھی تاحال ٹال مٹول سے کام لینے لگے۔واضح رہے تحصیل میلسی کے رہائشی نعمان حمزہ نے ہسپتال انتظامیہ کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ میں اپنے والد کو دل کے عارضہ کے علاج کے لیے کارڈیالوجی ہسپتال لے کر گیا اور ٹوکن لیکر ہسپتال کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کی۔جب مریض کو بہتر ہونے پر چھٹی دی گئی تو سائل پارکنگ میں موجود گاڑی نکالنے گیا تو دو ٹائروں کے نٹ بولٹ کھلے ہوئے تھےاور ٹائر بمع رم بھی تبدیل تھے۔ سائل کے ٹائر نئے تھے جبکہ چوروں کی جانب سے لگائے گئے ٹائر اور رم بالکل ہی ناکارہ ہیں۔ یہ تمام کارروائی پارکنگ انتظامیہ کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہ ہے۔ جب پارکنگ انتظامیہ سے اس بارے استفسار کیا گیا تو وہ صاف انکاری ہو گئے کہ وہ نقصان کے زمہ دار نہ ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کو بھی اس حوالے سے آگاہ کیا گیا لیکن تاحال انہوں نے بھی کوئی ایکشن نہ لیا ہےجبکہ جہاں گاڑی کھڑی تھی وہاں کیمرے بھی نصب ہیں۔ سائل نے پولیس کو بھی آگاہ کیا ہے لیکن تاحال کوئی کارروائی نہ کی گئی ہے۔ سائل کی متعلقہ حکام و اداروں سے گذارش ہے کہ فوٹیج کو دیکھتے ہوئے چوروں کی نشان دہی کر کے انہیں کیفر کردار پر پہنچایا جائے اور سائل کے نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں