ڈیرہ: لٹل سکالرز سکول کے متاثرہ خاندانوں کا آر پی او آفس کے باہر احتجاج

ڈیرہ غازیخان (ڈسڑکٹ رپورٹر )آر پی او آفس کے باہر متاثرہ خاندانوں کا شدید احتجاج، ’’لٹل سکالرز سکول کی مجرمانہ غفلت نے ہمارے بچوں کی جانیں لے لیں‘‘، آئی جی پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری انصاف کا مطالبہ آر پی او آفس کے باہر لٹل سکالرز سکول کے متاثرہ خاندانوں، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر شدید احتجاج کیا اور معصوم بچوں کی ہلاکت کے واقعے پر فوری انصاف کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت پنجاب، آئی جی پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ اس افسوسناک سانحے کی اعلیٰ سطح پر شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اس میں ملوث تمام ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔احتجاج کے دوران شرکاء نے بینرز پر ’’ہمارے بچوں کے قاتلوں کو گرفتار کرو‘‘، ’’انصاف دو، انصاف دو‘‘ اور ’’معصوم جانوں کے ضیاع کا حساب دو‘‘ جیسے نعرے درج کر رکھے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ کوئی معمولی حادثہ نہیں بلکہ مبینہ غفلت، نااہلی اور حفاظتی انتظامات میں سنگین کوتاہیوں کا نتیجہ ہے، جس نے کئی خاندانوں کی خوشیاں چھین لیں اور ان کے گھروں میں ہمیشہ کے لیے ماتم بچھا دیا۔متاثرہ والدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے معصوم بچے اسکول میں تعلیم حاصل کرنے گئے تھے، لیکن واپس زندہ نہ لوٹ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر متعلقہ ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور دیانتداری سے ادا کرتے تو آج یہ المناک سانحہ پیش نہ آتا۔ والدین نے الزام عائد کیا کہ واقعے کے بعد بھی بعض حلقے حقائق چھپانے اور اصل ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیںجو متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں