چھب کلاں (کرائم رپورٹر) زیادتی کیس، آئی جی پنجاب کا خوفناک غفلت پر بڑا وار، ڈی ایس پی معطل، دو ایس ایچ اوز کیخلاف مقدمات، ملزم لودھراں سے گرفتارچھب کلاں کے گاؤں 74 بی پندرہ ایل میں خاتون کے ساتھ مبینہ غیر انسانی سلوک اور زیادتی کے لرزہ خیز واقعہ نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ شوہر آصف یاسین پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر نشہ آور ادویات دے کر اپنی اہلیہ کو بے بس کیا اور اس کے بعد غیر فطری زیادتی کا نشانہ بنایاجس کے باعث خاتون کی حالت انتہائی تشویشناک ہوگئی۔ متاثرہ خاتون کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا مگر وہ دورانِ علاج زندگی کی بازی ہار گئی۔واقعہ کے بعد پولیس کی مبینہ غفلت اور مقدمہ درج کرنے میں تاخیر پر آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل میاںچنوں مرزا صدیق کو فوری طور پر معطل کر دیا جبکہ سابق ایس ایچ او تھانہ چھب کلاں ذیشان حیدر کو حقائق چھپانے کے الزام میں گرفتار کرکے پابند سلاسل کر دیا گیا۔ موجودہ ایس ایچ او رمضان گل کو بھی غفلت برتنے پر معطل کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کی میڈیکل رپورٹ اور اطلاع کے باوجود مقدمہ نمبر 488/26 بجرم 376 درج کرنے میں تاخیر کی گئی جس پر اعلیٰ حکام نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم آصف یاسین کو لودھراں سے گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعہ کے دیگر پہلوؤں پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب غم و غصے سے نڈھال لواحقین نے ڈید باڈی ہسپتال منتقل کرنے سے انکار کرتے ہوئے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔







