چکوال سانحہ: آسٹریلوی بچی کی ہلاکت کیس میں پولیس اہلکار کی سنگین لاپرواہی سامنے آگئی

چکوال: چکوال میں سی سی ڈی اہلکار کی فائرنگ سے 9 سالہ آسٹریلوی بچی کی ہلاکت کے واقعے کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں متعدد سنگین حقائق سامنے آئے ہیں، جن میں واقعے کو ایس او پیز اور سیکیورٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق اہلکار نے مشتبہ افراد کی درست شناخت اور فائرنگ کی سمت کا مکمل تعین کیے بغیر گولیاں چلائیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان گلی میں چھپ جانے کے بعد بھی اہلکار صورتحال پر مکمل گرفت حاصل نہ کر سکا۔
تحقیقات کے مطابق ڈکیتی کی واردات کے دوران سی سی ڈی اہلکار نے حفاظتی اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے مناسب حکمت عملی اختیار کرنے کے بجائے براہ راست فائرنگ شروع کر دی۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ اہلکار نے آپریشنز پولیس کو فوری اطلاع دینے کے بجائے ازخود کارروائی جاری رکھی، جو طے شدہ طریقہ کار کے خلاف تھا۔
تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان اس واقعے سے قبل چکوال میں چار دیگر وارداتوں میں بھی ملوث تھے، تاہم سیف سٹی نظام کے باوجود انہیں بروقت ٹریس نہیں کیا جا سکا۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی فائرنگ ڈاکوؤں کی جانب سے کی گئی تھی، تاہم مجموعی واقعے میں ایک سی سی ڈی اہلکار کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پروٹوکول کی خلاف ورزی میں ملوث اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں