اسلام آباد: عدالت نے مختلف مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکانِ اسمبلی اور رہنماؤں کو 23 جولائی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر اور سپریم کورٹ سمیت دیگر احتجاجوں سے متعلق درج مقدمات میں 243 ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے تمام متعلقہ پی ٹی آئی ایم این ایز اور رہنماؤں کو 23 جولائی تک گرفتاری سے تحفظ فراہم کرتے ہوئے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری میں بھی اسی تاریخ تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی کے متعدد ارکانِ اسمبلی اور رہنما عدالت میں پیش ہوئے جن میں عمیر نیازی، لطیف کھوسہ، جنید اکبر، ارباب شیر علی، ساجد خان مہمند اور سینیٹر فلک ناز چترالی شامل تھے۔ اس کے علاوہ خرم شیر زمان، راجہ بشارت، رؤف حسن، نیاز اللہ نیازی، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی، سیمابیہ طاہر، نادیہ خٹک اور میجر (ر) طاہر صادق بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ کوہسار، کھنہ، ترنول، کراچی کمپنی، سیکرٹریٹ سمیت مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔







