پاکستان سپر لیگ کے ہفتہ وار میچز میں لاہور میں دو اہم مقابلے کھیلے جائیں گے، جنہوں نے پلے آف کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے لیے صورتحال انتہائی نازک ہو چکی ہے، جبکہ فائنل فور کی دوڑ میں ہر میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کر گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف لازمی فتح درکار ہوگی، جبکہ لاہور قلندرز کو پشاور زلمی کے خلاف کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ پلے آف کی امیدیں برقرار رہ سکیں۔ دونوں میچز ٹورنامنٹ کی پوائنٹس ٹیبل پر گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم تقریباً ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔ انہوں نے اب تک 9 میچز کھیلے ہیں جن میں صرف 3 فتوحات حاصل کی ہیں اور وہ ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔ یہ میچ ان کے لیے اعزازی نوعیت کا قرار دیا جا رہا ہے۔
دوری جانب کراچی کنگز کی صورتحال انتہائی دباؤ کا شکار ہے۔ ٹیم نے 9 میچز میں 8 پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ ڈیوڈ وارنر، جیسن روئے، حسن علی، معین علی اور خوشدل شاہ جیسے کھلاڑیوں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوگی۔ ایک اور شکست ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کر سکتی ہے۔
شام کے وقت ہونے والے 38ویں میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ ناقابل شکست پشاور زلمی سے ہوگا۔ زلمی 17 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی فائنل فور میں جگہ بنا چکی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
لاہور قلندرز کے پاس اس وقت 8 پوائنٹس ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیم کے لیے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ فخر زمان، عبداللہ شفیق، سکندر رضا، شاہین آفریدی اور حارث رؤف سے شاندار کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔
قلندرز کو گزشتہ میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس نے ان کی پوزیشن مزید کمزور کر دی ہے۔ اگر وہ یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو پلے آف کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں، بصورت دیگر صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی۔
پشاور زلمی کی جانب سے بابر اعظم، مائیکل بریسویل، کوشل مینڈس، سفیان مقیم اور علی رضا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔







