پیٹرول اور ڈیزل پر 153 اور 116 روپے تک ٹیکسز و مارجنز کا انکشاف، اصل قیمت سامنے آگئی

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں اور مختلف مارجنز کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس کے بعد عوام پر پڑنے والے اصل مالی بوجھ کی تصویر مزید واضح ہو گئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایک لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 153 روپے 55 پیسے تک کے ٹیکسز اور مارجنز وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر یہ بوجھ 116 روپے 46 پیسے تک پہنچ جاتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی بنیادی ایکس ریفائنری قیمت 246 روپے 31 پیسے ہے، لیکن مختلف ٹیکسز اور اضافی اخراجات شامل ہونے کے بعد اس کی حتمی قیمت صارفین کے لیے 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 23 روپے 72 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 7 روپے 32 پیسے ان لینڈ فریٹ مارجن، 7 روپے 87 پیسے مارکیٹنگ کمپنیوں کا منافع اور 8 روپے 64 پیسے پمپ ڈیلرز کا کمیشن شامل ہوتا ہے۔
مزید یہ کہ ایک لیٹر پیٹرول پر 103 روپے 50 پیسے پیٹرولیم لیوی جبکہ 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی عائد کی گئی ہے، جو مجموعی قیمت میں نمایاں حصہ ڈالتی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 283 روپے 12 پیسے بتائی گئی ہے، جس میں تمام ٹیکسز، لیویز اور مارجنز شامل کرنے کے بعد اس کی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔
یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی اصل قیمت کے مقابلے میں عوام کو ادا کی جانے والی حتمی قیمت میں ٹیکسز اور دیگر چارجز کا حصہ انتہائی زیادہ ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں