پنجاب میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات، 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، 23 زخمی

پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 23 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو پنجاب کے ترجمان فاروق احمد کے مطابق نارووال میں آسمانی بجلی گرنے کے الگ الگ واقعات میں 2 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ گوجرانوالہ کی نندی پور سیالکوٹ روڈ پر درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
لاہور کے علاقے کوٹ خواجہ سعید میں کرنٹ لگنے سے ایک شہری کی موت واقع ہوئی، جبکہ ہربنس پورہ کینال روڈ پر تیز بارش کے دوران درخت گرنے سے ایک موٹر سائیکل سوار جان سے گیا۔
مزید برآں گرین ٹاؤن میں درخت گرنے کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوگیا، جبکہ شادیوال چوک میں 11 کے وی بجلی کی تار گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح عابد مارکیٹ لاہور میں سائن بورڈ گرنے کے باعث ایک شخص زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔
نارووال میں دیوار اور سولر پینل گرنے کے دو مختلف واقعات میں 3 افراد زخمی ہوئے، جبکہ کامونکی میں دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرکے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں