پنجاب حکومت نے صوبے کے تعلیمی نصاب میں “معرکہ حق” کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت طلبہ کو حب الوطنی اور قومی یکجہتی سے متعلق مضامین پڑھائے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت انفارمیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نصاب میں حب الوطنی اور “معرکہ حق” سے متعلق موضوعات شامل کیے جائیں گے، جبکہ نجی تعلیمی اداروں میں بھی اسی نوعیت کے پروگرامز کے نفاذ کی ہدایت جاری کی جائے گی تاکہ سرکاری اور نجی اسکولوں میں یکساں سرگرمیاں یقینی بنائی جا سکیں۔
مزید فیصلہ کیا گیا کہ فلم فنڈ کے تحت “معرکہ حق” اور قومی یکجہتی کے موضوع پر فلمیں تیار کی جائیں گی، جبکہ الحمرا آرٹس کونسل کے تحت شہید لیاقت پر ایک خصوصی ڈرامہ بھی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے تعلیمی اداروں کے دورے جاری رکھنے کی درخواست بھی کی۔
محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس میں نفرت انگیز مواد کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ انفارمیشن اور ہوم ڈیپارٹمنٹ مل کر خصوصی سیل قائم کریں گے جو سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی فوری نشاندہی اور اس کے خلاف کارروائی کرے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







