کراچی: کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں 18 سالہ لڑکی مصباح کی مبینہ ہلاکت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مقتولہ کے شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ سرجانی ٹاؤن میں درج کیا گیا ہے، جس میں شوہر شہریار بٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔
مدعیہ کے بیان کے مطابق مصباح نے رواں سال مارچ میں پسند کی شادی کی تھی، تاہم شادی کے کچھ عرصے بعد ہی شوہر کی جانب سے مبینہ تشدد، مارپیٹ اور ہراسانی کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ اہلخانہ کا الزام ہے کہ ملزم اکثر رہائش تبدیل کرتا رہتا تھا اور بعد میں ملیر کے علاقے میں مقیم ہوگیا تھا۔
شکایت کنندہ کے مطابق ملزم مبینہ طور پر جہیز اور موٹر سائیکل کا مطالبہ بھی کرتا تھا جبکہ مصباح کو مختلف طریقوں سے دباؤ اور دھمکیوں کا سامنا تھا۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ چند روز قبل ایک خاتون نے فون کے ذریعے اطلاع دی کہ مصباح زخمی حالت میں موجود ہے۔ بعد ازاں مصباح نے خود اہلخانہ کو بتایا کہ اسے شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر سے نکال دیا، جس سے اس کے سر اور جسم پر شدید چوٹیں آئیں۔
اہلخانہ کے مطابق زخمی لڑکی کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم طبی امداد کے باوجود وہ چند روز بعد دم توڑ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مصباح نے چند ماہ قبل گھر والوں کی مرضی کے خلاف شادی کی تھی۔ اہلخانہ کا الزام ہے کہ شادی کے بعد اسے مسلسل تشدد، دھمکیوں اور مالی مطالبات کا سامنا رہا، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔







