بیجنگ ( نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور چین کے درمیان تعاون میں وسعت کیلئے15 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔بیجنگ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں وسعت کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، وزیر اعظم شہباز شریف اور چین کے وزیر اعظم لی چیانگ تقریب میں موجود تھے۔تقریب کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی 15 دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ترقیاتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر وزیر منصوبہ بندی اور چینی قومی ترقی و منصوبہ بندی کمیشن کے ڈائریکٹر ژینگ سانجی نے دستخط کئے۔ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر چین کے وزیر ماحولیات ہوانگ رنچیانگ اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے دستخط کئے، پاکستان اور چین کے درمیان ویٹرنری ویکسین عطیہ کی حوالگی کی دستاویز پر دستخط وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اور چین کے وزیر زراعت ژانگ ژو نے کئے۔خشک میوہ جات اور ڈرائی فروٹ کیلئے معائنہ، قرنطینہ اور حفظان صحت کے تقاضوں سے متعلق پروٹو کول کی یادداشت پر چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی وزیر سن می جون اور پاکستانی سفری خلیل ہاشمی نے دستخط کئے۔مکئی کیلئے نباتاتی صحت تقاضوں سے متعلق پر وٹوکول بارے یادداشت پر چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی وزیر سن می جون اور سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم نے دستخط کئے۔مطابقتی جانچ میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط چین کی اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن کے ڈائریکٹر لوووین اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے کئے، شنہو نیوز ایجنسی اور پاکستانی براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور چینی خبر رساں ایجنسی شنہوا کے صدر فو ہوا نے دستخط کئے۔چینی کمیونسٹ پارٹی مرکزی کمیٹی کے پارٹی سکول اور پاکستان نیشنل سکول پبلک پالیسی میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پارٹی کے سکول کے نائب صدر شی چن تاؤ اور پاکستانی سفری خلیل ہاشمی نے دستخط کئے۔چائنا میڈیا گروپ اور پاکستان ٹیلی وژن کے درمیان مشترکہ ڈاکیو منٹری پروڈکشن میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شینگہائی ژونگ نے دستخط کئے۔سائنس و ٹیکنالوجی میں عوامی تبادلوں کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط چائنہ ایسوسی ایشن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پارٹی برانچ سیکرٹری ہی جونکے اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے کئے۔پاکستان، چین آزاد تجارت اور کثیر الجہتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط چین کے نائب وزیر تجارت یان ڈونگ اور سیکرٹری تجارت جو اد پال نے کئے، انسداد دہشتگردی آلات میں تعاون کی دستاویز اور انسانی وسائل کی ترقی کے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے چیئر مین چن ژیاڈونگ اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے دستخط کئے۔پاکستان اور چین کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر وفاقی وزیر احسن اقبال اور چیئرمین چن ژیاوڈونگ نے دستخط کئے۔چین فارن افیئرز یونیورسٹی اور پاکستان فارن سروس اکیڈمی کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر ڈی جی پاکستان فارن سروس اکیڈمی سعید جیلانی اور چینی فارن افیئرز یونیورسٹی کے پارٹی سیکرٹری وانگ شٹنگ نے دستخط کئے۔قبل ازیںوزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی اور امریکی قیادت کے درمیان رابطوں میں اہم کردار ادا کیا، ایران امریکا مذاکرات کے معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف کے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں پُروقاراستقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے پاکستانی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعظم شہبازشریف کو چین کی مسلح افواج کے چاق چوبند دستوں کی طرف سے گارڈ آف آنرپیش کیاگیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا عظیم دوست ملک چین کا دورہ کرنا میرے لیے ہمیشہ بے حد خوشی کا باعث ہوتاہے، جب بھی چین آتے ہیں ہمیں نئی تعمیرات اور عظیم ترقی دیکھنے کو ملتی ہے۔دوسری جانب اس موقع پر چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا ہے اور علاقائی کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے، روایتی دوستی کو آگے بڑھانےاور دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے، وزیراعظم، ہم آپ کے ساتھ عملی تعاون کو وسعت دینے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت کیلئے بھی تیار ہیں۔علاوہ ازیںچین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں۔بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی جس دوران صدر شی نے کہا کہ چین اپنی ہمسایہ سفارتکاری میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دیتا ہے۔ چینی صدر شی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں، چین اور پاکستان نے ایک ناقابلِ شکست روایتی دوستی قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چین آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، معلوم ہے کہ فیلڈ مارشل ایران سے واپس آئے ہیں، امن کیلئے مثبت کوششیں اور ثالثی اقدامات قابل تعریف ہیں۔ صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا چین اور پاکستان کو مل کریک طرفہ اقدامات اور سرد جنگ ذہنیت کی مخالفت کرنی چاہیے، چین اور پاکستان کو اعلیٰ سطح اور زیادہ وسیع سکیورٹی تعاون آگے بڑھانا چاہیے۔علاوہ از یںآرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور چینی وزیر اعظم کی ملاقات عظیم عوامی ہال میں پُروقار استقبالیہ تقریب کے دوران ہوئی۔
اس موقع پر چین کے وزیراعظم نے گرمجوشی سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ مصافحہ کیا، دونوں شخصیات کے مابین تبادلہ خیال بھی ہوا۔







