پاکستان کی ترقی کوپروپیگنڈے، جعلی خبروں، بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی سے نہیں روکاجاسکتا، عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ملک کی ترقی کا سفر کسی بھی پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے روکا نہیں جا سکتا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔
انہوں نے ادارے کے اعلیٰ تربیتی معیار، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں سے فارغ التحصیل افسران اپنی کارکردگی اور لگن کی بدولت نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے جدید جنگ کے بدلتے رجحانات، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز اور تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ افسران کو مسلسل تربیت اور خود کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہوگا تاکہ بدلتے ہوئے جنگی حالات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے بلوچستان میں تعینات افواج کے جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ تیاری کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، اور ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈا اور پراکسیز کے ذریعے عدم استحکام کی کوششیں ناکام ہوں گی۔
انہوں نے بلوچستان میں پائیدار امن، عوامی فلاح اور بہتر طرزِ حکمرانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حکومت بلوچستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔
کوئٹہ آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں