پاکستان کا سلامتی کونسل میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ، لبنان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان نے لبنان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں جاری صورتحال صرف ایک علاقائی مسئلہ نہیں رہی بلکہ یہ ایک سنگین انسانی بحران کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق جنگ بندی کے باوجود زمینی حالات میں بہتری کے بجائے مسلسل خرابی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
انہوں نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور لبنانی علاقوں میں دراندازی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف عام شہری متاثر ہو رہے ہیں بلکہ پورے خطے کا توازن بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ بنیادی سہولیات کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے طبی عملے، امدادی کارکنوں اور شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے واقعات کو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے لبنان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ہر اس کوشش کے ساتھ کھڑا ہے جو امن کے فروغ کے لیے کی جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے اور تمام فریقین کو جنگ بندی معاہدوں کی پابندی کرنی چاہیے۔
اجلاس کے اختتام پر پاکستان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ محض بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے تاکہ مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی کو روکا جا سکے اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں