ملتان (کرائم سیل) تھانہ سیتل ماڑی کے علاقے پیراں غائب میں پانچ سالہ بچے عاطف کی پراسرار ہلاکت کے معاملے میں پولیس کا مؤقف سامنے آ گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ابتدائی طبی رپورٹ میں بچے کے جسم پر تشدد یا چوٹ کے کوئی نشانات نہیں پائے گئے۔پولیس کے مطابق دونوں فریقین کو سنا گیا اور حال ہی میں موصول ہونے والی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ ڈاکٹر کی رپورٹ کے مطابق متوفی بچے کے جسم پر تشدد یا جسمانی چوٹ کے کوئی آثار موجود نہیں ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی حتمی نوعیت کا تعین پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا جس کی روشنی میں قانون کے مطابق مزید کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔یاد رہے کہ چند روز قبل پانچ سالہ عاطف کی لاش گھر کے قریب ایک ٹیوب ویل سے ملی تھی جس کے بعد بچے کے والدین نے بعض شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے مقامی زمیندار پر سنگین الزامات عائد کیے تھے اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق تفتیشی عمل جاری ہے اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں حقائق سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شکایت کنندہ موجودہ تفتیشی اقدامات اور قانونی کارروائی سے مطمئن ہے۔







